کراچی: شہر قائد کے علاقے دھوراجی میں دوست کے انتظار میں کھڑے کار سوار سے ڈکیتی میں ناکامی پر مسلح افراد نے گاڑی پر گولیاں برسا دیں، جس سے کار سوار زخمی ہو گیا۔
جمعرات کے روز دھوراجی کٹ کے قریب کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، ڈکیتی مزاحمت پر مسلح شخص نے طیش میں آ کر اندھا دھند گولیاں چلائیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

شہری رضوان میمن اپنے گھر سے اسلامیہ کالج کی جانب جا رہا تھا، اسٹیڈیم کراس کر کے دھوراجی موڑ پر اپنے دوست اسد اللہ کا انتظار کرنے لگا، اتنے میں عقب سے 2 موٹر سائیکل سوار مسلح افراد آئے۔
ایک مسلح شخص بائیک سے اترا اور پہلے اس نے کار کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، لیکن رضوان میمن نے پستول دیکھ کر بھی دروازہ نہ کھولا، واردات کو ناکام بنانے کی مزاحمت پر مسلح ڈاکو نے پہلے فرنٹ دروازے پر فائرنگ کی، اور پھر غصے میں بپھر کر جاتے ہوئے گاڑی کے مختلف حصوں پر مزید گولیاں چلا دیں۔
اس دوران ایک گولی شہری رضوان کے پاؤں پر لگی، جس سے وہ زخمی ہو گیا، شہری خود گاڑی چلا کر دھوراجی موڑ کے سامنے واقع نجی اسپتال میں طبی امداد کے لیے پہنچ گیا، جہاں انھیں فوری طبی امداد دی گئی۔
دھورا جی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے، اور مسلح افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔


