ممبئی (29 نومبر 2025): بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی ایکشن ڈرامہ فلم ’دھرندر‘ ریلیز سے ایک ہفتہ قبل بڑی مشکل میں پھنس گئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی فوجی افسر میجر موہت شرما کی فیملی نے دہلی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ فلم ’دھرندر‘ کی ریلیز فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔
فیملی نے فلمسازوں پر الزام لگایا کہ فلم کی کہانی میجر موہت شرما کی زندگی اور ان کے خفیہ مشنوں پر مبنی ہے جو بغیر اجازت استعمال کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ اگرچہ فلم ’دھرندر‘ میں ان کی کہانی سے معمولی طور پر مواد لیا گیا لیکن یہ میجر موہت شرما کے بعد ازمرگ شخصی حقوق اور فیملی کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔
تنازع میں صرف قانونی جنگ نہیں بلکہ اس بات کا خوف بھی ہے کہ فلم قومی سلامتی کے حساس معاملات میں دخل اندازی کر سکتی ہے۔
فیملی کا دعویٰ ہے کہ اگر فلم ’دھرندر‘ میں میجر موہت شرما کے خفیہ آپریشنز کے بارے میں مواد شامل کیا گیا ہے تو اس سے وہ معلومات منظر عام پر آ سکتی ہیں جو کبھی عوام کے سامنے نہیں آنی چاہئیں۔
اس تنازع کا آغاز سب سے پہلے آن لائن ہوا جہاں صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ فلم کو پیرا ایس ایف کے افسر میجر شرما سے متاثر ہو کر بنایا گیا۔
ہدایتکار آدتیہ دھار نے فوری طور پر اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ فلم کا میجر شرما سے کوئی تعلق نہیں اور یہ وعدہ کیا کہ مستقبل میں کوئی بھی بایوپک صرف فیملی اور بھارتی فوج کی مکمل اجازت کے ساتھ بنائی جائے گی۔
تاہم درخواست میں مزید کہا گیا کہ فلمسازوں کو حقیقت پر مبنی کہانیاں پیش کرنے سے پہلے ان کے خاندان اور فوج سے اجازت حاصل کرنی چاہیے۔
دہلی ہائیکورٹ اس معاملے پر اگلے ہفتے سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ فلم 5 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔


