ڈی آئی خان (24 جنوری 2026) : خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ جمعہ کی شب قریشی موڑ کے قریب مقامی امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کی رہائش گاہ پر منعقدہ شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا
تقریب میں مہمان روایتی ڈھول کی تھاپ پر محو رقص تھے کہ حملہ آور نے ایک کمرے کے اندر خود کو اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور چھت زمین بوس ہوگئی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی 7 ایمبولینسز، ایک فائر وہیکل اور ایک ڈیزاسٹر رسپانس گاڑی موقع پر روانہ کی گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے پانچ لاشوں اور دس زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا، جبکہ ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر ملبے میں دبے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت امن کمیٹی کے رہنما وحید اللہ محسود عرف جگری محسود، ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری اور تین دیگر افراد کے طور پر کی ہے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ زخمیوں میں وارث، نور عالم، توحید اللہ، رحمان، سہیل اور نذیر اللہ شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ نے تصدیق کی کہ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر برآمد ہوا ہے، جس سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ واقعہ خودکش حملہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹانک میں پولیس کی بکتربند گاڑی کے قریب دھماکا، 6 اہلکار شہید
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے قریشی موڑ دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔


