(18 فروری 2026): ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے کسٹم آفس اور یارک تھانے پر حملہ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی پیک روٹ سے متصل تھانہ یارک اور کسٹم آفس پر نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں کسٹم اور پولیس کا ایک ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے خودکار ہتھیاروں سے کسٹم آفس اور تھانہ یارک کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کسٹم اہلکار اسرار خان اور پولیس اہلکار محمد بلال شہید ہو گئے۔
جبکہ حضرت عمر اور خیال محمد نامی اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
حملہ آوروں نے کارروائی کے دوران کسٹم کی ایک گاڑی کو آگ لگا دی اور سی پیک روٹ پر گزرنے والی مسافر بسوں پر بھی فائرنگ کی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


