کراچی : اداکارہ مہوش حیات نے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبروں کو من گھڑت اور جھوٹی قرار دے دیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اور خوبرو اداکارہ مہوش حیات سے متعلق بھی سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ مہوش حیات کوویڈ 19 کی مہلک ترین وبا کا شکار ہوگئی ہیں۔
جب وائرس سے متاثر ہونے کی خبریں شوبز پیجز پر بھی چلائی جانے لگیں تو مہوش حیات نے اپنا وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے مذکورہ خبروں کی تردید کی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔
مہوش حیات نے کہا کہ میڈیا سے بس یہی گزارش کروں گی کہ ایسی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے سے پہلے ایک فون کرکے تصدیق کرلیتے تو بہتر ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی خبریں پھیلنے سے مذکورہ شخص اور اس کے اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہذا صرف اپنے فالوورز بڑھانے کےلیے ایسی افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر اور روبینہ اشرف سے متعلق بھی ایسی ہی افواہیں وائرل ہوئیں تھیں جس پر مذکورہ افراد یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرکے افواہوں کی تردید کی گئی تھی۔