کراچی : وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے انقلابی فیصلہ ہے ، جس سے مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کا انقلابی فیصلہ کیا ہے، اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اب بیرونِ ملک مقیم افراد کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگا اور ای-رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق ممکن ہوگی۔
مزید برآں، ای-اسٹیمپنگ نظام کے ذریعے ریونیو وصولی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہریوں کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کنزیومر کورٹس کو ٹریفک کورٹس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، سندھ کابینہ نے سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس کے تنازع کے تصفیے کی منظوری دی ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پراپرٹی کے واجبات کا 15 فیصد تین مراحل میں ادا کیا جائے گا تاکہ شہریوں پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے اور رجسٹریشن کے عمل میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


