ممبئی(8 جولائی 2026): فلم ’ستلج‘ کے ڈائریکٹر ہنی تہران نے بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ستلج‘ کے ڈائریکٹر ہنی تہران کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹار اداکار اور گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اس فلم میں سکھ انسانی حقوق کے رہنما جسونت سنگھ کھلرا کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے کوئی معاوضہ لینے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
فلم کے ڈائریکٹر ہنی تہران نے انٹرویو میں بتایا کہ دلجیت دوسانجھ اس تاریخی کردار کو نبھانے کے لیے اتنے پرجوش اور خوش تھے کہ انہوں نے فیس لینے سے انکار کر دیا۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اگر دلجیت اپنی اصل مارکیٹ فیس مانگتے تو وہ مالی طور پر انہیں کاسٹ کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ ہنی تہران نے دلجیت کے الفاظ یاد کرتے ہوئے بتایا ’’انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا ’واہگورو جی، پاجی کب آنا ہے؟ کہاں کرنا ہے؟ آپ بس بتا دیں، میں وہاں کھڑا ملوں گا۔‘‘
فلم ’ستلج‘ کو اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے ہٹائے جانے پر دلجیت دوسانجھ کا پہلا ردعمل سامنے آ گیا
ڈائریکٹر نے بتایا کہ دلجیت نے اس رول کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں مانگا، لیکن چونکہ کنٹریکٹ کی قانونی ضرورت تھی، اس لیے ہم نے انہیں ان کی اصل فیس کے مقابلے میں ایک انتہائی معمولی رقم ادا کی، انہوں نے خود کچھ نہیں مانگا تھا۔
ڈائریکٹر نے یہ بھی بتایا کہ یہ فلم کیسے وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے دلجیت دوسانجھ کو ملاقات کے لیے بلایا اور بتایا کہ وہ 1984 کے فسادات کے بعد کے دور پر فلم بنانا چاہتے ہیں، تو دلجیت نے کہا کہ اس دور پر ایسی کہانیاں کم ہی ہیں جن پر پوری فلم کھڑی کی جا سکے، تاہم ایک بہت بڑی شخصیت ہے جن کا نام ’جسونت سنگھ کھلرا‘ ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان کی فیملی کسی کو فلم کے حقوق نہیں دے رہی۔
ہنی تہران نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اس پر ریسرچ کر چکے تھے اور فیملی سے فلم کے حقوق حاصل کر چکے تھے۔ انہوں نے جیسے ہی اپنی ریسرچ بک دلجیت کے سامنے رکھی، جس کے پہلے صفحے پر جسونت سنگھ کھلرا کی تصویر تھی، تو دلجیت حیران رہ گئے کیونکہ دونوں ایک ہی کہانی پر کام کرنا چاہتے تھے۔ اس طرح دلجیت دوسانجھ نے اس تاریخی اور حساس کردار کو فلمانے کے لیے ہامی بھری۔
واضح رہے کہ فلم ’ستلج‘ 3 جولائی 2026 کو ریلیز ہوئی تھی، جس کی کہانی 1995 میں پنجاب پولیس کے ہاتھوں جسونت سنگھ کھلرا کے اغوا اور ان کے ساتھ پیش آنے والے ہولناک واقعات پر مبنی ہے۔
تاہم ریلیز کے محض دو دن بعد 5 جولائی 2026 کی شام کو اس فلم کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ سے اچانک ہٹا دیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہ فلم مسلسل سرخیوں میں ہے۔


