تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

29 سے زائد ہم خیال ارکان پارلیمنٹ، رہنماؤں نے جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا

لاہور: چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں تحقیقاتی ادارے کی تفتیش کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں 29 سے زائد ارکان پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے آج پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک بڑا عشائیہ دیا، جس میں شریک رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، شرکا نے اعلان کیا کہ وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عشائیے کے شرکا حکومت کی پالیسیوں پر برس پڑے، رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کو مسلسل غلط معلومات فراہم کیے جانے پر اظہار افسوس کیا۔ رہنماؤں نے عشائیے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کی دل آزاری ہو رہی ہے، نان الیکٹڈ لوگوں کی وجہ سے معاملات بگڑ رہے ہیں، اور  پی ٹی آئی کو سازش کے تحت گروپ بندی کا شکار کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، جہانگیر ترین نے شرکا کو میڈیا پر ان کا مقدمہ پیش کرنے کی بھی اجازت دے دی، انھوں نے کہا میں اپنی بےگناہی ثابت کروں گا، میرا دامن صاف ہے، میں تحریک انصاف میں ہوں، دوستوں سے ملاقات اور کھانا چلتا رہتا ہے۔

صوبائی وزیر اجمل چیمہ نے جہانگیر ترین کو مزید 10 ارکان اسمبلی سے رابطے کی یقین دہانی کرائی، انھوں نے کہا مزید 10 ارکان اسمبلی بہت جلد سامنے آ جائیں گے۔ فیصل جبوانہ نے جھنگ کے ورکرز اور ٹکٹ ہولڈرز کی حمایت کا دعویٰ کیا، انھوں نے کہا ہمیں تحریک انصاف کی حکومت سے انصاف چاہیے۔ امیر محمدخان نے ہر پلیٹ فارم پر جہانگیر ترین کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا، اور کہا جہانگیر ترین نے وفاق اور پنجاب میں حکومت پلیٹ میں رکھ کر دی تھی۔

نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ نے 2 ایم این ایز اور 2 ایم پی ایز کا پینل بنانے کی تجویز دی، جو وزیر اعظم سے بات کرے، اور انھیں قائل کرے کہ جہانگیر ترین سے متعلق غلط گائیڈ کیا جا رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عشائیے میں شریک رہنما وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ملاقات کے لیے درخواست بھی تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سے یک جہتی کے لیے ایم این ایز، ایم پی ایز کل صبح 7 بجے جمع ہو کر گاڑیوں کے قافلے میں ان کی رہائش گاہ سے عدالت جائیں گے، جب کہ ورکرز بسوں کے ذریعے قافلے میں شریک ہوں گے۔

عشائیے میں کون کون شریک ہوا؟

جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں متعدد ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شرکت کی، پنجاب کے 2 وزرا شریک ہوئے، 5 مشیر و معاونین وزیرا علیٰ پنجاب بھی شریک ہوئے، جن میں نعمان لغاری، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت علی خان، فیصل جبوانہ شامل ہیں۔ عشائیے میں شریک ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 8، اور ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 21 رہی۔

ارکان قومی اسمبلی میں راجہ ریاض، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین عالم، جاوید وڑائچ، غلام لالی، غلام بی بی بھروانہ شامل تھے۔ ایم پی ایز میں خرم لغاری، مہر اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید، عون چوہدری، بلال وڑائچ، عمر آفتاب ڈھلوں، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، امین چوہدری، افتخار گوندل، غلام رسول، سمن نعیم، سجاد وڑائچ شامل تھے۔

نعمان لنگڑیال

عشائیے میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے بھی شرکت کر کے جہانگیر ترین سے اظہار یک جہتی کیا، انھوں نے کہا جہانگیر ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم جتنے پارلیمنٹیرین اکھٹے ہوئے ہیں سب وزیر اعظم کے پاس ملاقات کے لیے جائیں گے، اور اپیل کریں گے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف ہو۔

شیخ سلمان نعیم

شیخ سلمان نعیم نے کہا اخلاقی حمایت کے لیے سب جہانگیر خان ترین کے ساتھ جائیں گے، جہانگیر ترین کے خلاف کون عناصر ہیں، انھیں سامنے لایا جائے، فارورڈ بلاک بنانے کا کوئی مقصد نہیں نہ کوئی ایسا پلان ہے، جہانگیر ترین پی ٹی آئی کو کوئی نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، وزیر اعظم کو دیکھنا ہوگا کہ کون سے عناصر پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شیخ سلمان کا کہنا تھا کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ جہانگیر ترین عمران خان کے قریب جائیں، غیر منتخب لوگ ہیں جو اس قسم کی سازشیں کر رہے ہیں، اور انھی غیر منتخب لوگوں نے وزیر اعظم کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

زوار وڑائچ

ایم پی اے زوار وڑائچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج جہانگیر ترین کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ہم اکٹھے ہوئے، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، کل پیشی پر بھی ہم ساتھ جائیں گے، ہر محاذ پر جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا پاکستان میں 80 سے زائد شوگر ملز ہیں، لیکن مقدمات صرف جہانگیر ترین کے خلاف ہو رہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہونا چاہیے، ہم نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

عون چوہدری

عون چوہدری نے جہانگیر ترین کے عشائیے میں دھواں دھار خطاب کیا، کہا جہانگیر ترین نے بد ترین حالات میں بھی پارٹی کا ساتھ دیا، آج ان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، پارٹی کے حقیقی مخلص لوگ آج پارٹی سے دور ہیں۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں