عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماضی میں پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ کرنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آئی ایم ایف ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
جولی کوزیک نے کہا کہ پاکستان کیلیے مستحکم پالیسی پر عمل درآمد ناگزیر ہے، نیا پروگرام پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو سہارا دے گا، پاکستان کو مسلسل اصلاحات کی ضرورت ہوگی۔
قبل ازیں آئی ایم ایف پاکستان کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے بلومبرگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیلیے 3 ارب ڈالر کی منظوری دی جس میں سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کر دیے گئے۔
نیتھن پورٹر نے کہا کہ رقم سے الیکشن سے پہلے زرمبادلہ ذخائر کو استحکام مل سکے گا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان کو اضافی 5.6 ارب ڈالر فنڈنگ ملے گی۔