لاہور: پاکستان کے معروف سینیئر اداکار راشد محمود کے بعد بجلی کے بل سے نامور اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر سنگیتا کو بھی جھٹکا لگ گیا۔
ملک بھر میں عام شہریوں کی طرح بجلی کے بلوں نے فنکار برادری کو پریشان کرنے پر مجبور کردیا ہے، صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار راشد محمود نے پہلے بجلی کے زائد بل پر آواز اٹھائی تھی اب پاکستان کی معروف اداکارہ سنگیتا بھی بل دیکھ کر حیران رہ گئیں۔
نامور اداکارہ اور فلمی ڈائریکٹر سنگیتا کے بجلی کا 60 ہزار آیا ہے، انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں صرف ایک اے سی چلاتی ہوں، دوسرے اے سی میں نے رکھ دیئے ہیں، وہ لگائے ہی نہیں ہیں، اس کے باوجود 60 ہزار روپے کا بل آ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی والو، خدا کے لئے ہم پر رحم کرو، ایک اے سی کا بل 60 ہزار کیسے ہو سکتا ہے، اب اور کتنے ٹیکس لگاؤ گے، 20 ہزار بجلی ہوگا اور اس پر 40 ہزار روپے ٹیکس ہوں گے۔