کراچی: جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کے اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور گندگی کی وجہ سے پرندوں کے اضافے نےطیاروں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مینجر نے بلدیاتی اداروں کو خط لکھ کر خطرات سے آگاہ کر دیا، شاہ فیصل کنٹونمنٹ اور ملیر کنٹونمنٹ کو بھی خط لکھا گیا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کو ٹیک آف اور لینڈنگ کر نے والی جگہ پر پرندوں کی بھرمار ہے جس سے حادثات ہونے کا خدشہ ہے، حبیب یونیورسٹی، رابعہ سٹی اور اطراف کے علاقوں میں پرندوں کی بھرمار ہے۔
خط کے مطابق پرندے گندگی اور کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے زیادہ راغب ہوتے ہیں، عیدالاضحی سے پہلے علاقوں کو کچروں سے پاک کردیا جائے اور صفائی کو یقینی بنایا جا ئے۔
ایئرپورٹ منیجر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں جب کہ سول ایوی ایشن نے بھی ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں، گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے قومی اثاثوں اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے تمام شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔