اسلام آباد (16 جون 2026): جولائی تا اپریل (9 ماہ کے دوران) بجلی کمپنیوں کے مجموعی نقصانات میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
پاور ڈویژن نے 9 ماہ میں ڈسکوز کی آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری کے اعداد و شمار جاری کر دیے جن کے مطابق جولائی تا اپریل بجلی کمپنیوں کے مجموعی نقصانات میں 66 ارب کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ نااہلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات میں 12 ارب کی کمی آئی۔
اعداد و شمار کے مطابق بجلی کمپنیوں کی ریکوریز بہتر ہونے سے نقصانات میں 54 ارب روپے کی بہتری آئی، سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کے تحت مالی سال کے اختتام تک خالص اضافہ صفر رکھنے کا ہدف برقرار ہے، مالی سال 26-2025 کے اختتام پر سرکلر ڈیٹ میں مجموعی طور پر کوئی خالص اضافہ متوقع نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کمپنیوں کی تاریخی نجکاری، عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟
پاور ڈویژن نے بتایا کہ جون 2026 کے اختتام پر سرکلر ڈیٹ کا اسٹاک تقریباً 1614 ارب روپے رہنے کا امکان ہے، وصولیوں میں بہتری اور لائن لاسز میں کمی سے سرکلر ڈیٹ کنٹرول کرنے میں مدد ملی، سرکلر ڈیٹ کے فلو پر بجٹ کا اجرا اور حکومتی ادائیگیاں اثر انداز ہوتی ہیں۔
’کے-الیکٹرک کی ادائیگیوں سمیت موسمی عوامل بھی سرکلر ڈیٹ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ایک یا چند ماہ کے اعداد و شمار سے سرکلر ڈیٹ کے سالانہ اسٹاک کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان پر عملدر آمد جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکومت کا بجلی شعبے میں بہتر گورننس، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیداری کے فروغ کا عزم برقرار ہے۔‘


