اسلام آباد (10 جولائی 2026): وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں 3 ڈسکوز کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں نے پاور سیکٹر اصلاحات، شعبے کی بہتری اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اویس لغاری نے دعویٰ کیا کہ 2 سال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، لائن لاسز، مالی خسارے اور گردشی قرضے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، پاور سیکٹر کی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، گردشی قرضے میں تقریباً 780 ارب روپے کی کمی لانے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے، نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں 3 ڈسکوز کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ڈسکوز کو بھی مرحلہ وار نجکاری پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: واپڈا کی نجکاری کیخلاف مزدور تنظیموں کا شدید احتجاج، ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی
ان کا کہنا تھا کہ قومی گرڈ کی ڈیجیٹائزیشن، ٹرانسمیشن نظام کی بہتری اور جدید میٹرنگ انفرااسٹرکچر پر کام جاری ہے، ملک بھر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ اے پی ایم ایس کے تحت ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ متعارف کروائی جا رہی ہے، پاور سیکٹر میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کی بہتری کیلیے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔
اویس لغاری اور فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کے دوران اتفاق کیا کہ وفاق اور صوبوں میں مؤثر تعاون قومی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خدمت کیلیے ناگزیر ہے۔


