بھارت کے مشہور مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ’دیابین‘ کا کردار نبھانے والی دیشا وکانی کے گلے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دیابین‘ اس ڈرامہ سیریل میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کردار رہا تاہم اب کچھ وجوہات کی بنا پر دیشا وکانی ڈرامہ چھوڑ چکی ہیں اور مداح انہیں بہت یاد کر رہے ہیں۔
سال 2010 میں دیشا وکانی نے دیابین کے کردار کے لیے منفرد آواز نکالنے اور اسے ہر سین میں برقرار رکھنے کے دوران پیش آنے والی مشکل کے بارے میں بتایا تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ دیابین کی منفرد آواز نکالنا بہت مشکل ہے اور اس سے بھی زیادہ مشکل آواز کو ہر سین کے لیے برقرار رکھنا ہے، دن میں 11 سے 12 گھنٹے مسلسل شوٹنگ ہوتی ہے، دیابین کی آواز میں بات کرتے ہوئے اکثر گلے میں درد ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے نئے ’تارک مہتا‘ سامنے آگئے
کہا جا رہا ہے کہ دیشا وکانی کو گلے کا کینسر دیابین کی منفرد آواز نکالنے کی وجہ سے ہوا تاہم اداکارہ کے بھائی مایور وکانی نے ان خبروں کو غلط قرار دے دیا۔
مایور وکانی نے بتایا کہ بہن بالکل خیریت سے اور صحت مند ہیں، گلے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبروں میں سچائی نہیں، دیشا وکانی کے مداحوں کو پریشان ہوںے کی ضرورت نہیں۔