پشاور: خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دینے سے متعلق پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں اختلاف سامنے آیا ہے، جس پر عمران خان نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔
اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کے درمیان خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر تو اتفاق رائے پایا گیا لیکن اسمبلی تحلیل کی تاریخ دینے پر اختلاف رہا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اسمبلی کی تحلیل منگل کے بجائے جمعہ کو کرنا چاہتے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے پی صدر پرویزخٹک نے منگل کے روز اسمبلی کی تحلیل کی مخالفت کی۔
پرویز خٹک کا مؤقف تھا کہ اسمبلی کی تحلیل21جنوری کے بعد ہونی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر اعتماد کے ووٹ تک اسمبلی تحلیل نہیں کرنی چاہیے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ منگل کو کے پی اسمبلی تحلیل کی سمری نہ بھجوائی گئی تو بہت دیر ہوجائے گی۔