اشتہار

’’طلاق‘‘ کا اندراج ’’نادرا‘‘ میں نہ کرائیں تو کیا مشکلات آ سکتی ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (6 اکتوبر 2026): اگر کسی جوڑے میں طلاق ہو جائے تو کیا ان کا نادرا میں اندراج کرانا ضروری ہے اور اگر نہ کرائیں تو کیا مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

شادی اور طلاق زندگی کے حصے ہیں کئی ایسے جوڑے ہوتے ہیں جو کئی وجوہات کی بنا پر شادی کو جاری نہیں رکھ پاتے تو طلاق لے کر علیحدگی اختیار کر لیتے ہیں۔

کیا ہمارے ملک کے قوانین میں طلاق کا نادرا میں اندراج کرانا ضروری ہے اور اگر نہ کرائیں تو مستقبل میں کیا مشکلات پیش آ سکتی ہیں؟

اس سوال کے جواب میں نادرا نے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی نے بتایا کہ نادرا سے جڑے دیگر مسائل کی طرح طلاق کا پراسس کچھ طویل ہے کیونکہ اس کے قوانین تھوڑے مختلف ہیں اور یہ دیگر ایشوز کی طرح صرف ایک بار نادرا آفس آنے سے حل نہیں ہوتا۔

نادرا افسر نے بتایا کہ جب تک طلاق نادرا کے ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے گی تو وہ خاتون جنہیں طلاق ہوئی ہے وہ سابق شوہر کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا حصہ رہیں گی۔

اگر طلاق کو نادرا میں رجسٹرڈ نہ کرایا جائے تو مستقبل میں جب بچوں کے داخلے، ٹریولنگ، پاسپورٹ اور شادی کے مواقع پر مشکلات پیش آئیں گی تو ان معاملات کے حل کے لیے طلاق کے فوری بعد اس کی رجسٹریشن نادرا میں کرانا ضروری ہے۔

انہوں نے ایک اور ممکنہ بڑے مسئلے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر طلاق کو نادرا میں رجسٹرڈ نہیں کرایا تو ان دونوں (میاں، بیوی) میں سے خدانخواستہ کسی ایک کی وفات کی صورت میں دوسرا فریق وراثت کے ترکے میں شامل ہوگا۔

سید شباہت علی نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہوگی کہ طلاق رجسٹر نہ ہونے پر نادرا کے جاری کردہ ایف آر سی میں جو سابق شریک حیات ہے، وہ موجودہ شریک حیات شو ہو رہا ہوگا اور کئی گھرانوں کو طلاق رجسٹر نہ کرانے کی اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر نے مشورہ دیا کہ اگر کسی جوڑے میں طلاق ہو جائے تو مصالحتی کونسل سے طلاق کا سرٹیفکیٹ مل جانے کے بعد فوری بعد نادار میں اس کو رجسٹر کرا کے اپنے ڈیٹا اپ ڈیٹ کرائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں