ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

میئر یا ڈپٹی میئر کو تبدیل نہیں کیا جارہا، فارو ق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میئر یا ڈپٹی میئر کو تبدیل نہیں کیا جارہا، تمام بلدیاتی نمائندوں کو وسائل نہ ہونے کے باجود شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کی واضح ہدایت جاری کردی، نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بوہرا برادری کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم مطمئن ہیں  ہماری صفوں میں یکجہتی قائم ہے، جو لوگ ہمارے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے کیونکہ ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات متحدہ میں شامل ہورہے ہیں۔

پی ایس پی پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو دباؤ میں لاکر اُن کی وفاداریاں تبدیل کروائی جارہی ہیں مگر چند وکٹیں گرنے سے ہمیں کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام سینیٹرز کا اجلاس طلب کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے میئر اور ڈپٹی میئر کی تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر اور ارشد وہرہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں گے، تمام بلدیاتی امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وسائل نہیں ہیں تو اپنی مدد آپ کے تحت شہر کی گلیوں سے کچرا صاف کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام بلدیاتی امیدواروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اُن کے اختیارات کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، بلدیاتی ادارے بے اختیار ہیں انہیں اختیار دلوانا ہمارا ہی کام ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بھی شہر کے مسائل حل کرنے کے خواہش مند ہیں اور انہوں نے ساتھ مل کر ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کرے تو شہر کی حالت اچھی ہوسکتی ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ سال 2016-2017 میں سندھ حکومت کی طرف سے 8 نہیں 14 ارب روپے فنڈ کی مد میں وصول کیے، 4 ارب روپے ترقیاتی کاموں میں لگے جبکہ بقیہ دس ارب سے ملازمین کی تنخواہیں ادا کی گئیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں