لاڑکانہ: ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے سبب آپریشن کے دوران 70 سالہ خاتون کے پیٹ میں قینچی رہ گئی، نکلانے پر مزید رقم کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے ایک نجی اسپتال میں تین ماہ قبل رباب نامی 70 سالہ معمر خاتون کا گردوں میں پتھری کا آپریشن کیا گیا تھا۔
آپریشن کےکچھ دن بعد خاتون کو اپنے پیٹ میں شدید تکلیف محسوس ہوئی جب ایکسرے کرایا گیا توانکشاف ہوا کہ قینچی آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں رہ گئی ہے۔
اس معاملے پرجب ڈاکٹرسے رجوع کیا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر دوبارہ آپریشن کرکے قینچی نکالنے کے لیے پچاس ہزارروپے فیس کا مطالبہ کردیا۔
مریضہ کے اہل خانہ نے ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ غریب لوگ ہیں اور فی الفوریہ رقم مہیا کرنا ان کے بس میں نہیں جس پر اسپتال نے خاتون کا دوبارہ علاج کرنے سے انکارکردیا۔
اسپتال کی جانب آپریشن سے انکارپرمریضہ کے اہل خانہ لاڑکانہ پریس کلب پراحتجاج کررہے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ قینچی ڈاکٹروں کی غفلت کے سبب پیٹ میں رہی ہے جس سے ان کی مریضہ کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور انہیں بلا معاوضہ اسے نکالنا بھی چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی غفلت سے اس قسم کے واقعات آئے دن پیش آتے رہتے ہیں اور کبھی آلاتِ جراحی تو کبھی سرجری میں کام آنے والے تولیے مریضوں کے جسم میں رہ جاتے ہیں جن کے سبب انہیں بعد میں تکلیف اور معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔