چین میں ایک دہشت ناک واقعہ پیش آیا بے زبان جانور خود کار لفٹ میں پھنس کر لٹک گیا لیکن خوش قسمتی سے لفٹ رک گئی جس کے بعد ایک شخص نے اس کو مصیبت سے نجات دلائی۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ چین کے صوبے ہوبی کے شہر جِنگ مین کے ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں فلیٹ کے کسی رہائشی کا پالتو کتا خالی لفٹ دیکھ کر اس کے اندر چلا گیا۔
اس دوران کتے کے گلے میں پڑی رسی کا آدھا حصہ لفٹ کے باہر ہی رہ گیا اور خود کار لفٹ کا دروازہ بند ہوگیا، ابھی لفٹ نے چلنا ہی شروع کیا تھا کہ اس کے باہر رہ جانے والی رسی اٹک گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اچانک رسی کھنچتی ہے اور چھوٹا سا کتا لفٹ میں لٹک جاتا ہے اور تکلیف سے چیخنے لگتا ہے۔
اسے کتے کی خوش قسمتی کہیے کہ مذکورہ لفٹ اگلی ہی منزل پر رک جاتی ہے جہاں ایک ڈلیوری بوائے یہ منظر دیکھ کر سکتے میں آجاتا ہے۔
پہلے تو وہ غیر متوقع طور پر اسے دیکھ کر پیچھے ہٹ جاتا ہے لیکن پھر فوری طور پر کتے کو بچانے کیلئے اسے گود میں اٹھا کر اس کی رسی کھولنے کی کوشش کرتا ہے۔
تاہم کچھ دیر با بار کوشش کے بعد وہ شخص کتے کے گلے سے رسی کھولنے میں کامیاب ہوجاتا ہے جس کے بعد وہ اس کے مالک کی تلاش کیلیے چلا جاتا ہے۔