اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ گلی محلوں میں آوارہ پھرنے والے کتے راہ گیروں کیلیے تکلیف کا باعث بنتے ہیں، اور ان کی موجودگی خصوصاً خواتین اور بچوں کو خوف میں مبتلا کردیتی ہے۔
بہت سے مقامات پر کتا مار مہم بھی باقاعدگی سے چلائی جاتی ہے لیکن کچھ ہی عرصے بعد یہ کتے دوبارہ اپنی نسل بڑھا کر گلیوں میں اپنا قبضہ جاری رکھتے ہیں۔
کچھ ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں خونخوار کتے نے سائیکل پر سوار ایک نو عمر لڑکے پر اچانک حملہ کردیا۔
حالیہ دنوں میں کتے کے کاٹنے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے مقامی انتظامیہ میں شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے دیکھنے والوں کو مزید خوفزدہ کردیا کیونکہ بچے کی جانب سے کسی قسم کی کوئی شرارت نہ کرنے کے باوجود کتے نے اچانک اس کا ہاتھ دبوچ لیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکا ساتویں جماعت کا طالب علم ہے اور یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر کو پیش آیا۔ ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکا ایک گلی میں داخل ہوتا ہے۔
ایک منٹ سے بھی کم دورانیے پر مشتمل سی سی ٹی وی نے فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ لڑکا ایک گھر کے قریب جیسے ہی اپنی سائیکل روکتا ہے تو کالا کتا اس پر حملہ کرکے اس کا ہاتھ اپنے جبڑوں میں جکڑ لیتا ہے۔
لڑکا ایک جھٹکے سے زمین پر گر جاتا ہے جب کہ کتا اپنے جبڑے سے لڑکے کے ہاتھ پر مضبوطی سے گرفت رکھتا ہے، وہاں موجود دوسرے بچے خوفزدہ ہوکر اپنے گھروں کے اندر بھاگ جاتے ہیں۔
زخمی ہونے والا لڑکا بھی بھاگنے کی کوشش کرتا ہے لیکن کتے کے جبڑے کی گرفت اس کے لیے بہت مضبوط ثابت ہوتی ہے۔ وہ اٹھتا ہے لیکن پھر گر جاتا ہے۔ تاہم بہت کوشش کے بعد وہ کتے سے ہاتھ چھڑا کر جان بچاکر ایک گھر میں داخل ہوجاتا ہے۔