کتا وفادار جانور مانا جاتا ہے جو اپنے مالک کے لیے اپنی جان بھی دے دیتا ہے لیکن ایک پالتو کتے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی۔
یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا جہاں پستول سے کھیلنے کے دوران پالتو کتے سے گولی چل گئی جو مالک کی موت کا سبب بن گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں امریکی شہری اپنے بستر پر سو رہا تھا جب کہ بیڈ کے قریب ہی اس کی پستول پڑی ہوئی تھی۔
اسی دوران پالتو کتا کمرے میں آ گیا اور وہاں پڑی پستول سے کھیلنے لگا۔ کھیلتے ہوئے جانور کا پاؤں پستول کے ٹریگر میں پھنس گیا اور اس کو نکالنے کے دوران اتفاقی گولی چل گئی جو سیدھی گہری نیند سوئے اس کے مالک کو لگی۔
زخمی شخص کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گیا۔