کراچی : ڈالر کی خرید و فروخت بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اسٹیٹ بینک نے ڈالر مہنگا ہونے کا نوٹس لےلیا۔
اسٹیٹ بینک حکام اور منی چینجرز کے نمائندوں کے مابین کراچی میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں مستقبل میں ڈالر کی خرید و فروخت بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین ملک بوستان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سےبائیو میٹرک نظام کیلئے نادرا کو خط لکھا جائیگا جبکہ فوری طور پر ڈالرز کے خریداروں سے شناختی کارڈ کی کاپی لازمی لینے اور ڈالرکی قیمت خرید اور فروخت میں فرق کو پچیس پیسے کے اندر رکھنے کی شرط پر عمل کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نےمنی چینجرز سے پوچھا کہ ڈالر 104 پر کیوں پہنچا، جس پر منی چینجرز کے نمائندوں کا جواب تھا کہ نان فائیلرز بڑی رقوم ڈالرز میں منتقل کررہے ہیں جبکہ حجاج اکرام بھی ڈالر خرید رہے ہیں، جس سے ڈالر کی یومیہ طلب چالیس لاکھ ڈالر سے بڑھکر اسی لاکھ ڈالر ہوگئی ہے۔