کراچی : امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، انٹر بینک میں ڈالر 175 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 176 سے تجاوز کرگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کاسلسلہ نہ تھم سکا ، کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر کی قیمت بدستور ریکارڈ سطح برقرار رہی۔
فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ٹریڈنگ کے آغاز سے ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 16 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد ڈالر 175 سے تجاوز کرگیا اور 174روپے 19 پیسے سے بڑھ کر 175 روپے 35پیسے پرٹریڈ کر رہا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر اس وقت 176 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
خیال رہے چار دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر میں 5 روپے 42 پیسے کا اضافہ ہوا ہے ، اس سے قبل 26 اکتوبر کو ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں 176 روپے 26 پیسے تک گیا تھا۔
اہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کو دیئے جانے والی قسط میں مزید دیر ہونے کی وجہ سے انٹر بینک مارکیٹ پر ایک بار بھر دباؤ آیا ہے، جس سے ڈالر دوبارہ اوپر جانا شروع ہو گیا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب کے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کی منظوری کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ، سعودی عرب نے 1.20 ارب ڈالر تیل کی تاخیر سے ادائیگی کی مد میں بھی رقم ادا کرے گا۔