پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

امریکی صدر ٹرمپ نے پوپ لیو کے خلاف بھی بیان داغ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن (13 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیتھولک پیشوا پوپ لیو پر بھی تنقید شروع کر دی، اور ایک بیان میں ان پر برس پڑے۔

روئٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ کی خارجہ اور امیگریشن پالیسیوں پر اعتراض کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کی رات دیر گئے پوپ لیو پر زبردست تنقید کی، انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’پوپ لیو جرائم کے معاملے میں کمزور ہیں، اور خارجہ پالیسی کے لیے نہایت خراب ہیں۔‘‘

پوپ لیو نے، جو گزشتہ سال پہلے امریکی نژاد پوپ بنے ہیں، ایران کے خلاف امریکی اسرائیلی جنگ کے کھل کر مخالفت کی ہے، انھوں نے اس سے پہلے بھی ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر سوال اٹھایا تھا۔

ٹرمپ نے لکھا ’’لیو کو بطور پوپ اپنا کام ٹھیک سے کرنا چاہیے۔‘‘ بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا ’’میں پوپ لیو کا کوئی بڑا فین نہیں ہوں، وہ بہت زیادہ لبرل ہیں۔‘‘

پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7 بجے امریکی بحریہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کرے گی

چند دن قبل پوپ نے ٹرمپ کی ایران کی تہذیب کو تباہ کرنے کی دھمکی کو ’’بالکل ناقابل قبول‘‘ قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنی تنقید میں یہ بھی کہا کہ پوپ ’’جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں کمزور‘‘ ہیں۔

گزشتہ ماہ پام سنڈے کے موقع پر ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں خطاب کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ خدا ان رہنماؤں کی دعائیں قبول نہیں کرتا جو جنگیں شروع کرتے ہیں اور جن کے ہاتھ خون سے رنگے ہوتے ہیں، اور ایران کے تنازع کو ’’ہول ناک‘‘ قرار دیا۔ پوپ لیو نے ٹرمپ سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس تنازع کے خاتمے کے لیے کوئی راستہ نکالیں اور تشدد میں کمی لائیں۔

اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ لیو کو گزشتہ سال صرف اس لیے کیتھولک چرچ کا سربراہ منتخب کیا گیا کیوں کہ وہ امریکی ہیں، اور لوگوں نے سمجھا کہ اس طرح صدر ٹرمپ سے نمٹنا آسان ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا میں ایسا پوپ نہیں چاہتا جو کہے ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہو ٹھیک ہے، امریکی شہروں میں جرائم ہو تو ٹھیک ہے، نہ میں ایسے پوپ کو پسند کرتا ہوں اور نہ ہی ان کا بڑا فین ہوں جو یہ چاہتا ہو ایران کے پاس بم ہو اور وہ دنیا تباہ کر دے۔

ویٹیکن نے فوری طور پر اس بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، یاد رہے کہ ٹرمپ کے پوپ کے پیشرو پوپ فرانسس کے ساتھ بھی تعلقات کشیدہ رہے تھے، جنھوں نے صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر تنقید کی تھی اور یہاں تک کہا تھا کہ ٹرمپ ’’عیسائی نہیں ہیں۔‘‘ اس پر ٹرمپ نے 2016 کے اوائل میں پوپ فرانسس کے خلاف بھی سخت رد عمل دیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں