واشنگٹن : امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدہ صدارت کا حلف اٹھا لیا، جس کے بعد وہ امریکا کے 47 ویں صدر بن گئے، وہ پہلا غیرملکی دورہ کس ملک کا کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور اسی لیے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وہ صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کیلیے چین کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
یہ دعویٰ ٹرمپ کے قریبی لوگوں کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ٹرمپ حلف برداری کے بعد بھارت کا دورہ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں جب ڈونلڈ ٹرمپ ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، اس دوران ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹا بیرن ٹرمپ بھی ان کے ساتھ تھے۔
بعد ازاں ایک اجلاس میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے کہا ہے کہ وہ بطور صدر حلف اٹھانے کے بعد چین کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، اب ٹرمپ کے دورہ چین کو امریکہ اور چین کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے ساتھ ہندوستان کے ممکنہ دورے پر بھی بات چیت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کواڈ کانفرنس اس سال ہندوستان میں بھی منعقد ہونے والی ہے جس میں امریکہ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور جاپان کے سربراہان مملکت شرکت کرسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا دورہ ہندوستان اس سال اپریل میں یا سال کے آخر میں ہوسکتا ہے۔ ایک سوچ یہ بھی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو بھی وائٹ ہاؤس مدعو کیا جاسکتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے فون پر بات کی۔ ٹرمپ نے گفتگو کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، فینٹینیل، ٹک ٹاک اور دیگر مسائل پر اچھی بات چیت ہوئی۔