تازہ ترین

ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانک کانگ کے ساتھ خصوصی معاہدے ختم کردیئے

واشنگٹن : امریکی صدر نے امریکا کی طرف سے ہانگ کانگ کو دی جانے والی خصوصی مراعات ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے، ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں کورونا سے اموات کا ذمہ گورنر کو ٹھہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کی خصوصی اہمیت ختم کرتے ہوئے اس کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدے بھی ختم کردیے ہانک کانگ کے ساتھ خصوصی معاہدے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے ایگزیکٹیو حکم نامے پر دستخط کردیئے۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ تمام خصوصی معاہدے ختم کررہےہیں، اب ہانگ کانگ کو چین جیساہی سمجھا جائے گا۔

وائٹ ہاوس کے روزگارڈن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اب ہانگ کانگ کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کرے گا جیسا کہ وہ چین کے ساتھ کرتا ہے۔ کوئی خصوصی درجہ نہیں، کوئی اقتصادی رعایت نہیں اور حساس ٹیکنالوجی کا کوئی کاروبار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنے سخت فیصلے چین کیخلاف میری انتظامیہ نے کیے وہ آج تک کسی نے نہیں کیے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ کے شہریوں کی آزادی اور ان کے حقوق چھین لیے گئے ہیں اور ان سب کی وجہ سے، میرے خیال میں، ہانگ کانگ زیادہ دنوں تک آزاد مارکیٹ میں مسابقت کرنے کا اہل نہیں رہ سکے گا۔ بہت سارے لوگ ہانگ کانگ کو چھوڑ کر جارہے ہیں۔

امریکی صدر نے اس کے علاوہ ہانگ کانگ میں نئے سیکورٹی قانون نافذ کرنے والے چینی حکام پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ایک قانون پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

امریکی کانگریس ان قوانین کو اس ماہ کے اوائل میں ہی منظوری دے چکی تھی، ایگزیکٹیو آرڈر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے بعد جہاں ایک طرف ہانگ کانگ کو امریکا کی طرف سے حاصل تجارتی ترجیحات ختم ہوجائیں گی وہیں دوسری طرف ان چینی حکام، تاجروں اور بینکوں پر بھی پابندیاں عائد ہوجائیں گی جنہوں نے ہانگ کانگ کی خود مختاری کو محدود کرنے میں چین کی مدد کی تھی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدرٹرمپ نے نیویارک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا ذمہ گورنر کو ٹھہرادیا، ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں ہزاروں اموات گورنر کی بدانتظامی کی وجہ سے ہوئیں۔

Comments

- Advertisement -