واشنگٹن (25 جنوری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پرتشدد امیگریشن حکام منیسوٹا سے واپس بلائے جانے کے گورنر ٹم والز کے مطالبے کو بغاوت قرار دے دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منیاپولس میں ایک امیگریشن آپریشن کے دوران وفاقی ایجنٹس کی جانب سے ایک امریکی شہری کے جان لیوا فائرنگ میں ہلاک ہونے کے بعد، منیسوٹا کے گورنر ٹم والز اور منیاپولس کے میئر جیکب فری پر ان کی تقریروں کے ذریعے بغاوت کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
ریاستی اور مقامی حکام نے وفاقی ردِعمل پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے سخت تنقید کی ہے اور اس بات پر سوال اٹھایا ہے کہ واقعے کی تفتیش کیسے کی گئی۔
امریکی فیڈرل ایجنٹ نے نرس کو کیسے قتل کیا؟ ہولناک ویڈیوز وائرل
ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق ہلاک شخص کے پاس ہینڈ گن تھی جس کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کی گئی تو اس نے مزاحمت کی، لیکن موقع پر موجود لوگوں کی ان ویڈیوز میں، جن کی روئٹرز نے جائزے کے بعد تصدیق کی ہے، میں وہ شخص ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ فون پکڑے ہوئے نظر آتا ہے، اور وہ دیگر مظاہرین کی مدد کرنے کی کوشش کر رہا تھا جنھیں ایجنٹس نے زمین پر دھکیل دیا تھا۔
گورنر ٹم والز نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے بیانیے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ فوراً امیگریشن آپریشن ختم کریں، اور ہزاروں پُرتشدد، غیر تربیت یافتہ امیگریشن افسران کو منیسوٹا سے واپس بلائیں۔
صدر ٹرمپ نے منیسوٹا کے گورنر پر لوگوں کو بغاوت پر بھڑکانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ منیاپولس میں شہری کی ہلاکت پر ٹم والز کی بیان بازی بغاوت کو ہوا دے رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


