واشنگٹن (28 فروری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے اور ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔
ایران پر حملے کے بعد امریکی صدر نے ایک ویڈیو خطاب میں کہا ہے کہ کچھ دیر قبل امریکی افواج نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ایرانی حکومت سے آنے والے خطرات کو کم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق امریکا کے صدر نے کہا ہے کہ ایران پر مشترکہ امریکی۔اسرائیلی حملوں کا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے لاحق فوری خطرات کا خاتمہ کرنا ہے۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) February 28, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا نہ رکھنے دیں گے، اس نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی، اور وہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا تھا جو امریکا اور دوسروں کے لیے خطرہ ہیں۔
ٹرمپ نے کہا امریکی فوج بڑے پیمانے پر ایران میں آپریشن کر رہی ہے، ہم ایران کے میزائل اور میزائل انڈسٹری تباہ کر دیں گے، ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں، ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران دوبارہ کبھی جوہری ہتھیار نہ بنا سکے۔


