واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈٹرمپ آج سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں وہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت مختلف اسلامی ملکوں کےرہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ رہے ہیں، صدرٹرمپ سعودی عرب کے دورے کے دوران متعدد معاہدوں پردستخط کریں گے، جن میں سرفہرست سعودی عرب کو جدید ہتھیار فراہم کرنے کو معاہدہ ہے۔
صدرٹرمپ عرب اسلامک امریکن سمٹ سے خطاب بھی کریں گے جبکہ خلیجی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، صدر ٹرمپ اپنے خطاب میں انتہا پسندی، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور مذہبی رواداری پربات کریں گے۔
امریکی صدر یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے ، اس کے بعد وہ اسرائیل اور ویٹی کن جائیں گے ۔
مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سعودی نائب ولی عہد سے ملاقات
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس دورے کا مقصد خطے میں ایران کی پالیسیوں کا توڑ کرنے کے لیے ایک اتحاد تشکیل دینا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اس دوران اٹلی میں ہونے والے جی 7 سمٹ سے خطاب بھی کریں گے۔
خیال رہے کپ ٹرمپ کی جانب سے اپنے پہلے دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کرنا، مسلم ملک کے ساتھ امریکا کے تعلقات کی بحالی کی طرف سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے آخری دنوں میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، جس کی وجہ یمن، شام اور ایران کی طرف سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کو قرار دیا جاتا تھا۔