رحیم یار خان (28 ستمبر 2025): پنجاب کے شہر لیاقت پور میں کھیت سے گھاس کھانے پر با اثر زمیندار نے گدھے کو کلہاڑی سے لہولہان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بے زبان جانوروں پر ظلم ڈھائے جانے کا ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، اس بار ضلع رحیم یار خان کے شہر لیاقت پور میں تھانہ شیدانی کی حدود میں ایک گدھے پر ظلم کی انتہا کی گئی۔
با اثر زمیندار نے گدھے پر بہیمانہ تشدد کیا اور کلہاڑی سے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا، گدھے کا کھیت میں گھاس کھانا جرم بن گیا تھا، جس پر حنیف نامی زمیندار نے اس پر کلہاڑی کے ساتھ حملہ کیا۔
کلہاڑی کے وار سے گدھا شدید زخمی ہو گیا ہے، اور درد کی شدت سے تکلیف میں مبتلا ہے، یہ افسوس ناک واقعہ لیاقت پور کے علاقے جھوک گلاب شاہ میں پیش آیا ہے، گدھے کے مالک نے تھانہ شیدانی کو درخواست دے دی ہے تاہم تاحال کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ زخمی گدھے کے مالک نے ڈی پی او رحیم یار خان سے گدھے پر ظلم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سکھر میں تشدد کی شکار اونٹنی کے جبڑے کی سرجری مکمل، ٹانگ کاٹ دی گئی
واضح رہے کہ 20 ستمبر 2025 کو سکھر کے علاقے صالح پٹ میں ایک اونٹنی چاندنی پر تشدد کے بعد اس کی پچھلی ٹانگ شدید زخمی ہو گئی تھی اور جبڑے متاثر ہوئے، اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اینیمل سینٹر منتقل کیا گیا۔
ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے زخمی اونٹنی کا معائنہ کیا اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا اعلان کیا، جس کے چیئرمین ڈاکٹر گوردھن داس مقرر ہوئے۔ تفصیلی جائزے کے بعد چاندنی کی سرجری کی گئی، جس میں تین گھنٹے طویل آپریشن کے دوران اس کے جبڑے کی ہڈی درست کی گئی جب کہ انفیکشن کے باعث متاثرہ پچھلی دائیں ٹانگ کاٹ دی گئی۔
آپریشن ڈاکٹر جاوید کھوسو، ڈاکٹر ذوالفقار اوٹھو اور ڈاکٹر علی گوپان نے انجام دیا۔ سرجری کے بعد اونٹنی ہوش میں ہے اور خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ فار اینیمل ویلفیئر سارہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ اونٹنی کی حالت اب سنبھل رہی ہے تاہم مکمل بحالی کے لیے مزید وقت درکار ہے، اور مصنوعی ٹانگ کے لیے بائیونک پیٹس یو ایس اے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


