تازہ ترین

مصباح کو کوئی اسکول میں بھی نوکری نہ دے، عاقب جاوید برس پڑے

لاہور: دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی اہلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مصباح کو بغیر تجربے کے کس بنیاد پر کوچ بنایا گیا ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ مصباح الحق کہیں اور نوکری لے کر دکھائیں انہیں تو کوئی اسکول میں بھی نوکری نہ دے، انہوں نے ٹیم سلیکشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن درست نہیں ہو تو نتائج بھی اچھے نہیں آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فاسٹ بولرز کی کارکردگی پر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ محمد عباس کی بولنگ اسپیڈ کم ہوگئی ہے جس وکٹ پر باؤنس کم ہو وہاں ان کی بولنگ اچھی ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: شعیب اختر پاکستانی بولرز پر برس پڑے

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کا بولنگ ایکشن ریورس سوئنگ کے لیے موزوں ہے۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین آفریدی ٹیم کو شروع میں ہی وکٹیں دلا دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 6 کھلاڑی آؤٹ 659 رنز پر ڈیکلیئر کی، قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسری اننگز میں اوپنر شان مسعود پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی 7 اور نائٹ واچ میں محمد عباس ایک رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

Comments

- Advertisement -