بھارت کی انگلینڈ کے خلاف 2002 کی تاریخی ’نیٹ ویسٹ سیریز‘ کے فائنل میں فتح پر مبنی فلم ’دوسرا‘ کے ٹریلر کو انیل کپور اور روہت شرما کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھینے دیو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دوسرا‘ 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
’دوسرا‘ ایک ایسی نوجوان لڑکی کی کہانی بیان کرتی ہے جو روایتی گھرانے میں سماجی اصولوں کو چیلنج کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ بھارتی کرکٹ کے سب سے یادگار واقعات میں سے ایک کا احاطہ کرتی ہے۔
فلم کا مرکزی خیال انگلینڈ کے خلاف فائنل میں بھارت کی فتح کے بعد لارڈز کے میدان میں سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی کی جانب سے قمیض لہرانے کے مشہور جشن کے گرد گھومتا ہے۔
فلم ‘دوسرا’ میں، تارا نامی ایک چھوٹی بچی جسے اپنی بات کہنے یا آواز اٹھانے میں مشکل پیش آتی ہے، گنگولی کے اس جشن سے متاثر ہوتی ہے۔ ٹیلی ویژن پر اس تاریخی لمحے کو دیکھنے کے بعد اس میں اپنے اوپر عائد پابندیوں کو چیلنج کرنے اور اپنا دفاع کرنے کا اعتماد پیدا ہوتا ہے۔
اس پر انیل کپور نے کہا کہ مجھے نیٹ ویسٹ سیریز کی اس یادگار فتح کا جوش و خروش آج بھی یاد ہے وہ واقعی بے مثال تھا۔ اس نے پوری ایک نسل کو یہ یقین دلایا کہ بھارت کہیں بھی اور کسی کے بھی خلاف جیت سکتا ہے۔ میں اس فلم کو دیکھنے کا بے صبری سے منتظر ہوں۔
روہت شرما جو 2002 کا فائنل جیتنے کے وقت 15 سال کے تھے، انہوں نے بھی ٹریلر کی تعریف کی کہ اس میں کرکٹ کے میدان سے ہٹ کر اس فتح کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں 15 سال کا تھا جب بھارت نے 2002 کا نیٹ ویسٹ فائنل جیتا تھا، کیا ہی شاندار لمحہ تھا! ناصرف میچ میں واپسی بلکہ ٹیم کا اعتماد بھی! فلم ‘دوسرا’ خوبصورتی سے اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ لمحہ محض ایک میچ جیتنے سے کہیں بڑھ کر کیوں تھا۔


