کراچی (12 نومبر 2025): شہر قائد میں منوڑہ کے ساحل پر تفریح کے لیے آئے ہوئے 6 میڈیکل طلبہ ڈوب گئے ان میں سے تین کو بچا لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں منوڑہ ہمالیہ ساحل پر ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے فائنل ایئر کے طلبہ کی پکنگ سانحہ میں تبدیل ہو گئی۔ 6 طلبہ سمندر میں ڈوب گئے، تین کو بچا لیا گیا۔
مستقبل کے 15 ڈاکٹروں کا ایک گروپ پکنک کے لیے منوڑہ کے ساحل گیا تھا، جہاں تند وتیز لہریں 6 طلبہ کو بہا کر لے گئیں۔
ساحل پر موجود ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 طلبہ کو بچا لیا جب کہ تین کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ڈوب کر مرنے والوں کی شناخت واقعے میں جان بحق ہونے والوں میں احمد کاشف، اشارب منیر اور اشہد کے نام سے ہوئی، جو میڈیکل کے فائنل ایئر کے طالب علم تھے۔
لاشیں جب گھر پہنچیں تو جوان میتیں دیکھ کر گھر اور محلے میں کہرام مچ گیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی پکنک ہاکس بے ساحل پر تھی، جس میں 150 طالبعلم شامل تھے۔ جب کہ حادثے کا شکار ہونے والے طلبہ (15 کے گروپ میں) ذاتی حیثیت میں منوڑہ تفریح کے لیے گئے تھے۔
ترجمان یونیورسٹی کے طمابق مذکورہ 15 طلبہ کی پکنک کے بارے میں کالج انتظامیہ یا پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کو مطلع نہیں کیا تھا۔ ہاکس بے پر پکنک منانے والے طلبہ بخیریت واپس کالج پہنچ گئے، جبکہ منوڑہ پر یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


