جہلم : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے قومی یکجہتی میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم کے قریب آرمی نشانہ بازی فائرنگ رینج میں پاک آرمی رائفلز ایسوسی ایشن کے39ویں مرکزی مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نشانہ بازوں کو نشانہ بازی کے شاندار معیار پر سراہتے ہوئے صدر نے کہا کہ نشانہ بازی ایک بنیادی فوجی مہارت ہے اور اس میں کمال ایک قابل فخر کامیابی ہے، صدر مملکت کی آمد پر بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔
تینوں مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز، ٹیم ایکس پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر953نشانہ بازوں نے چار ہفتے تک جاری رہنے والے پچیس کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے کے بعد مختلف قسم کی جنگی معذوریوں سے صحت یاب ہونے والے فوجی افسران اور سپاہیوں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے نشانہ بازی کی ہر کیٹگری میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔