تازہ ترین

ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، اس دن دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے پی آئی بی کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا سر اٹھا کر چلنا ہے یا سر جھکا کر، عزت سے جینا ہے یا ذلت کے ساتھ؟ یہ فیصلہ25جولائی کے دن آپ کو کرنا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعت سے زیادہ اہمیت ہوگی، کل بھی سب کچھ ایم کیو ایم کا تھا آج بھی ایم کیو ایم کا ہے، مخالفین کے اندازوں کا خاتمہ ہماری ریلیوں نے کردیا ہے،25جولائی کو دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو حکومت ملی تو کراچی کو خود مختار بنائیں گے اورعوام کو روزگار ملےگا، کراچی کی ترقی کیلئے شہر کو صوبے سے کم ازکم 50ارب روپے ملنے چاہئیں، سینٹرل جیل میں لگے جیمرز کی وجہ سے اطراف کی آبادیوں کے مکینوں کو موبائل فون استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے، لگتا ہے مردم شماری میں صرف مردوں کو ہی گنا گیا ہے، ایم کیوایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مردم شماری دوبارہ کی جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

- Advertisement -