اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

ڈاکٹر ماہ نور: متاثرہ حصوں سے مُردہ جلد ہٹانے کا عمل جاری ہے، اسپتال ذرائع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (09 جون 2026): شہر قائد میں زیر علاج کوئٹہ کی خاتون ڈاکٹر ماہ نور سے متعلق اچھی خبر ہے کہ نجی اسپتال میں ان کی حالت سنبھل چکی ہے اور انھوں نے اہل خانہ سے گفتگو بھی کی۔

ڈاکٹر ماہ نور کوٸٹہ اسپتال میں تیزاب گردی کا نشانہ بن گئی تھیں، اور وہ شدید زخمی ہوئی تھیں جس پر انھیں علاج کے لیے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جسم پر جلنے کے زخم سطحی نوعیت کے ہیں اور متاثرہ حصوں سے مُردہ جلد ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور کی گرافٹنگ سے متعلق سرجریز مرحلہ وار کی جا رہی ہیں، اور ان کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی مسلسل نگرانی میں ہو رہا ہے۔

دریں اثنا، تیزاب گردی کے واقعات پر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے مجرموں کے لیے سزا سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کرمنل لا ترمیمی بل 2026 قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا ہے۔


کرمنل لا ترمیمی بل 2026 : تیزاب گردی کے مجرموں کے لیے سزائے موت کی تجویز


مجوزہ بل کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 336 بی میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، متن میں کہا گیا ہے کہ تیزاب گردی کے مجرموں کے لیے سزاؤں میں سزائے موت بھی شامل کی جائے، جب کہ عمر قید، کم از کم 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی برقرار رکھا جائے۔

مجوزہ ترمیمی بل میں تیزاب گردی کو ناقابلِ معافی اور سفاک جرم قرار دیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ موجودہ سزائیں تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم کی روک تھام میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں، جب کہ تیزاب گردی متاثرین کو زندگی بھر کے لیے جسمانی معذوری اور شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیتی ہے۔

متن کے مطابق سخت قوانین کے باوجود ملک بھر میں تیزاب گردی کے واقعات تاحال جاری ہیں۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے بل میں کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر حملے کا حوالہ بھی شامل کیا گیا ہے، اور کہا گیا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر حملے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے تیزاب گردی کو بعض پہلوؤں میں قتل سے بھی سنگین جرم قرار دیا ہے، سپریم کورٹ کے مطابق متاثرہ فرد پوری زندگی اس ہولناک جرم کے اثرات برداشت کرتا ہے، خواتین اور کمزور طبقات کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ترمیم کا مقصد محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، سخت سزا ہی تیزاب گردی جیسے جرائم کی مؤثر اور مستقل روک تھام ممکن بنا سکتی ہے۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں