The news is by your side.

شمسی سوسائٹی واقعہ : تیز دھار آلے نے ملزم فواد کی سانس اور قوت گویائی کے حصے کو متاثر کیا، ڈاکٹر

کراچی : سر براہ شعبہ ای این ٹی جناح اسپتال ڈاکٹر رزاق ڈوگر کا کہنا ہے کہ شمسی سوسائٹی میں قتل کی واردات میں تیز دھار آلے نے ملزم فواد کی سانس اور قوت گویائی کے حصے کو متاثر کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شمسی سوسائٹی میں بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے کے معاملے پر سر براہ شعبہ ای این ٹی جناح اسپتال ڈاکٹر رزاق ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم فواد نے تیز دھار آلے سے گلے کو نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر رزاق ڈوگر کا کہنا تھا کہ تیز دھار آلے نے سانس اور قوت گویائی کے حصے کو متاثر کیا ہے، ڈاکٹرز نے سانس بحال کرنے کی کوشش کی اور کامیاب رہے۔

سر براہ شعبہ ای این ٹی جناح اسپتال نے کہا کہ معمولی سے فرق سے ملزم کی شہ رگ کٹنے سے محفوظ رہی، ملزم کی شہ رگ کٹ جاتی تو موت یقینی تھی۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کی سانس کی نالی بحال ہونے کے بعد قوت گویائی کی تھراپی کی جائے گی۔

اس سے قبل ملیر شمسی سوسائٹی واقعے میں قتل ہونے والے افراد کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی تھی۔

لیڈی ایم ایل اوڈاکٹر تسلیم نے بتایا کہ ملیر شمسی سوسائٹی واقعے میں قتل ہونے والے افراد کی لاشوں پر زخم کے علاوہ دیگر تشدد کے نشانات موجود نہیں تھے، ابتدائی پوسٹ مارٹم میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کے بھی شواہد نہیں ملے۔

ڈاکٹر تسلیم کا کہنا تھا کہ لاشوں کے گلے پر ہی تیز دھار آلے کے وار کے زخم موجود تھے،پوسٹ مارٹم کے سیمپل الفلاح پولیس کے حوالے کردیے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جامعہ کراچی کے ڈی این اے لیب میں سیمپل جمع کرائے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق فواد کے اہلخانہ نے سرد خانے سے رابطہ کر لیا، ساڑھے تین بجے نماز جنازہ کے لیے میتیں گھر منتقل کی جائیں گی، نماز جنازہ بعدنماز عصر شاہ فیصل میں واقع گراونڈ میں ادا کی جائے گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں