لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کوویڈ کی چوتھی لہر کی شدت کمزورہورہی ہے جبکہ ڈینگی کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈیرھ ماہ میں ڈینگی کے 2013 کیسز ریکارڈ ہوئے، لاہور میں سب سے زیادہ 1603 کیسز سامنے آئے ، جنوری سے تاحال ڈینگی کے باعث 4افرادکی اموات ہوئیں۔
وزیر صحت پنجاب نے بتایا کہ لاہور کےاسپتالوں میں ڈینگی سےمتاثرہ مریضوں کےلیے520 بسترمختص ہیں، جس میں سے ڈینگی کے 190 مریض سرکاری اور 81 نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، ڈینگی پر 15اجلاس ہوچکےہیں ،31محکمےمعاونت کررہےہیں، لاہور میں 71 ہزار گھروں میں ڈینگی کا لاروا ملا۔
کورونا کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کوویڈکی چوتھی لہرکی شدت کمزورہورہی ہے، 4کروڑ 75لاکھ افرادکی کورونا ویکسی نیشن ہوچکی ہے جبکہ اسٹور میں ڈیڑھ کروڑ کورونا ویکسین موجود ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جعلی کوروناویکسی نیشن کے 9ہزار کیس سامنے آئے ہیں، جس پر12 ایف آئی آر درج اور16 افراد معطل ہوئے ، کوویڈ کے لیےمختص 70فیصد بستر اسپتالوں میں خالی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کا کنٹرول روم میو ہسپتال میں بنا دیا ہے، جناح اسپتال میں دوائیں نہ ملنے کی شکایات ملی ہیں،انکوائری جاری ہے، 4دن میں لاہور کے تمام اسپتالوں سے ادویات فراہمی کی تفصیل سامنے آجائے گی۔
نواز شریف کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کے نام سے ویکسی نیشن کی جعلی انٹری بڑی سازش تھی، اقدام پاکستان دشمن لوگوں کے علاؤہ اور کوئی نہیں کرسکتا۔