لاہور : صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ جتنی مرضی دھاندلی پلان کرلیں پی ٹی آئی ہی الیکشن جیتے گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن ہمارے لیے بہت اہم ہے، ضمنی الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں الیکشن ہو رہے ہیں وہاں ترقیاتی کا کام ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے درخواست دی ہے، ن لیگ والے دھاندلی کے ماہر ہیں،اپنے دفتر میں لوگوں کو ہراساں کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وکیل نے جھوٹا جواب جمع کرا یا، تارڑ صاحب کی تصویر پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے، سی ٹی او جھنگ کی کرسی پر تارڑ صاحب براجمان ہیں، اصولی طور پر کوئی بھی کسی کی کرسی پر بیٹھ نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی 170 کی ایک یوسی میں 126 فیصد ووٹ کا اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے بتایاکہ یہ نادرا کی غلطی ہے، نادرا کی غلطی ہے تو لکھ کر دیں تاکہ ریلیف کی کوشش کریں.
یاسمین راشد نے مزید کہا کہ تارڑ صاحب نے اسمبلی میں غیر اخلاقی حرکت کی، جتنی مرضی دھاندلی پلان کرلیں پی ٹی آئی ہی الیکشن جیتے گی، ووٹ نہیں بڑھائے جاسکتے توپھر لکھ کر دیں تاکہ عدالت سے رجوع کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جتنی بھی کوشش کرلیں ہم انکا پیچھا کرتے رہیں گے، سترہ جولائی کا معرکہ پی ٹی آئی ہی سرکرے گی۔