جمعرات, جولائی 16, 2026
اشتہار

27 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پیر یا منگل کو سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان سے واپسی پر وفاقی کابینہ سے 27 ویں ترمیم کی منظوری لی جائے گی ، جس کے بعد آئینی ترمیم کا مسودہ پیر یا منگل کو سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج آذربائیجان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ صدر الہام علییف کی دعوت پر آذربائیجان کے پانچویں یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔

کابینہ سے منظوری کے بعد بل پیر یا منگل کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، ترمیم پیش کیے جانے کے روز پارلیمنٹ میں اراکین کیلئے ناشتہ کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان 27ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، بعض نکات پر اتفاق پیدا کرلیا گیا ہے تاہم کچھ نکات پر اختلاف برقرار ہے۔

مزید پڑھیں : پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان 27 ویں آئینی ترمیم کی کچھ نکات پر ڈیڈ لاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ مکمل اتفاق رائے کے بعد ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس آج سہ پہر بلاول ہاؤس میں دوبارہ ہوگا۔

اجلاس کی صدارت صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئین میں مجوزہ ترامیم، ججز ٹرانسفر، عدالتی اصلاحات، اور ایگزیکٹو مجسٹریٹس کے اختیارات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آئینی ترمیم پر حتمی مؤقف سی ای سی اجلاس کے بعد واضح کرے گی۔

اہم ترین

زاہد مشوانی
زاہد مشوانی
زاہد حسین مشوانی اے آر وائی نیوز کے سینئیر صحافی ہیں ،پارلیمنٹ ،انتخابات ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ مذہبی اور سیاسی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں