اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ریپڈ کورونا ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی ، جس سے 20 منٹ میں ٹیسٹ ممکن ہو سکے گا، ریپڈ ٹیسٹ کی ابتدائی فیس 2ہزار روپے تک ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ کورونا ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ 20 منٹ میں رزلٹ دے گی ۔
سربراہ ڈریپ ڈاکٹر عاصم نے کورونا ٹیسٹ کٹ رجسٹریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ غیر ملکی فارما کمپنی نے رجسٹرڈ کرائی ، یہ ٹیسٹ کٹ غیر ملکی دوا ساز کمپنی درآمدکرے گی۔
ڈاکٹر عاصم رؤف کا کہنا تھاکہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ جرمنی کی تیار کردہ ہے اور ریپڈ ٹیسٹ کی ابتدائی فیس 2ہزار روپے تک ہو گی ، یہ ٹیسٹ کٹ ناک کی رطوبت سےکوروناٹیسٹ کرے گی۔
سی ای او ڈریپ نے کہا کہ تربیت یافتہ ماہرین ریپڈ ٹیسٹ کٹ استعمال کرسکیں گے، ریپڈ رزلٹ کا مریض کی حالت، کلینکل ہسٹری سے موازنہ کرنا ہو گا تاہم یہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ کورونا ڈونر اسکریننگ کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔
ریپڈ ٹیسٹ کٹ کی رجسٹریشن بڑی کامیابی ہے، اس ٹیسٹ کٹ سے کورونا کی جلد تشخیص ممکن ہو گی اورکوروناکی جلد تشخیص سے بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔