(10 مئی 2026): ریلیز سے قبل ساؤتھ انڈین فلم ’درشیم 3‘ کی کہانی سامنے آگئی جبکہ اداکار موہن لال نے مزید سیکوئلز کا اشارہ بھی دے دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کوچی میں منعقدہ پریمیئر کے دوران درشیم 3 کا ٹریلر پیش کیا گیا، اس موقع پر ہدایت کار جیتو جوزف اور مرکزی اداکار موہن لال نے بھی خطاب کیا۔
جیتو جوزف نے فرنچائز کی تیسری پیشکش اور اس سے قبل ریلیز ہونے والی دو فلموں کے درمیان فرق کی وضاحت کی جبکہ موہن لال نے اس سیریز کے مزید آنے والے پروجیکٹس کی طرف اشارہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: موہن لال کی ’درشیم 3‘ کا ٹریلر جاری
ٹریلر میں دکھایا گیا کہ جارج کٹی (موہن لال) اپنے ماضی کے اعمال کے اثرات کی وجہ سے شدید بے چینی اور خوف کا شکار ہے۔ فلم کے پہلے اور دوسرے حصے میں ایک ایسے باپ کی کہانی بیان کی گئی تھی جو اپنے خاندان کو ایک سنگین جرم کے نتائج سے بچانے کیلیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
جیتو جوزف نے تیسرے حصے کے بیانیے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ پہلے دو حصوں سے کیسے مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دو حصوں اور تیسرے حصے میں فرق یہ ہے کہ اب جارج کٹی کو یہ علم نہیں کہ کوئی اس کے پیچھے ہے یا نہیں، اور اگر ہے تو وہ کون ہے؟
’پہلے دو حصوں میں اسے معلوم تھا کہ پولیس اور ہلاک ہونے والے لڑکے کے گھر والے اس کے پیچھے ہیں لیکن اس بار اسے خبر نہیں کہ اس کا سامنا کس سے ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فلم میں ایسے عناصر نہیں ہوں گے جو آپ کو حیران کر دیں۔‘
جب موہن لال سے کہانی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مذاقاً کہا کہ کہانی صرف یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ مستقبل میں اس کے مزید حصے اور سیریز بنائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے کئی بار جارج کٹی کو بچانے کی درخواست کی ہے لیکن وہ اب تک محفوظ نہیں ہو سکا، اس لیے آپ درشیم 4 کی بھی توقع رکھ سکتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ دریشیم 3 کے پروڈیوسر انٹونی پرمباوور نے تو چوتھے حصے سے پہلے ہی پانچویں فلم کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


