کراچی : ٹینکر سے فٹ پاتھ پر کھڑے لوگوں کو کچلنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ٹینکر کی فٹ پاتھ پر لوگوں کو کچلنے کے واقعے پر عوامی کالونی پولیس نے ٹینکر ڈرائیور نصیب خان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ڈرائیور کو گرفتارکیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ پولیس حادثے کی وجہ بننے والے ٹینکر کو پہلے ہی تحویل میں لے چکی ہے، واقعہ ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم گرفتار ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر رہے ہیں۔