کراچی: شہر کے قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بونداباندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہونے والے والی بوندا باندی سے موسم سہانا ہوگیا۔
کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مشرق سے ہوا 13 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، ژوب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 44، سکھر اور روہڑی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔