The news is by your side.

Advertisement

ڈرون حملے نواز شریف حکومت کی بڑی ناکامی ہیں،عمران خان

بٹگرام: بٹگرام میں بجلی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کی خودمختاری کے خلاف ہیں،حالیہ ڈرون حملہ نواز شریف حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحری انصاف کے سربراہ عمران خان بٹ گرام میں مائیکرو ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف ہیں،کوئی دوست اپنے دوست ملک پر ڈرون حملے نہیں کرتا،ڈرون حملے نوازشریف حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہیں۔

انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف اپوزیش میں تھے تو ڈرون حملوں کے خلاف بہت بھڑکیں مارا کرتے تھے،لیکن اب ان کے رویے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

عمران خان نے ڈرون حملوں کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کا ردعمل پاکستان کو برداشت کرنا پڑتا ہے،ڈرون حملوں سے جنگ جیتی جا سکتی تو ہم بھی یہ کڑوی گولی نگلنے کو تیار ہوجاتے،ایک طالبان رہنما کے ڈرون حملے میں مرنے کے بعد دوسرا اُس کی جگہ لے لیتا ہے،کیا اس طرح جنگ جیتی جا سکتی ہے؟

پانامہ پیپرز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے لندن میں موجود فلیٹ جائز دولت سے بنائے گئے ہوتے تو وہ کب کا فلیٹ کی ملکیت کا اعتراف کر چکے ہوتے، وزیر اعظم کے اہلِ خانہ کے متضاد بیانات کی وجہ سے سوالات اُٹھ رہے ہیں، جس کا جواب دینا ضروری ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شریف فیملی کی حمایت کرے گا وہ یاتو بک گیا یا اپنی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہو گا۔

بٹ گرام میں مائیکرو ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ 50لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اس پراجیکٹ میں 3 سے 5 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہو گی،جس کی قیمت کاتعین بھی مقامی لوگ کریں گے اور پراجیکٹ سے حاصل آمدنی بھی مقامی لوگوں کو ملے گی،جس سے نئے پراجیکٹ بنائے جائیں گے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں