کرم ایجنسی: پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون کے ذریعے میزائل داغا گیا جس میں دو مشتبہ افراد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکی ڈرونز نے پاک افغان سرحد سے متصل کرم ایجنسی میں میزائل داغے جس کے ذریعے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈرون حملے کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکمل تباہ ہوگئی جبکہ پاکستانی حدود میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے دو مشتبہ شہری جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب امریکی ڈرونز نے افغانستان کے علاقے لال پور میں بھی ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں تحریک طالبان کے 4 کارندوں کی ہلاکت ہوئی۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ لوئر کرم ایجنسی میں جعمرات کی دوپہر کو پاک افغان سرحد کے قریب سرہ غوڑگا اور احمدی شمع کے علاقے کے درمیان موٹر سائیکل سوار دو افراد کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں دونوں افراد مارے گئے جبکہ ان کی شناخت شاکر اور قاری عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پڑھیں: ’’ افغانستان میں ڈرون حملہ: تحریک طالبان کا اہم کمانڈر ہلاک ‘‘
یاد رہے گزشتہ برس امریکی ڈرونز نے افغانستان کے علاقے نوشکی میں ایک کار پر میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں تحریک طالبان کا امیر ملا اختر منصور جاں بحق ہوا تھا ، لاش کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا تھا جبکہ اسی حملے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا تھا۔