دادو: سنار کی دکان میں ایک کروڑروپے سے زائد کے زیورات لوٹنے کا ڈرامہ بے نقاب ہوگیا ، ڈرامہ کرنے والا دکاندار ہی ملوث نکلا۔
تفصیلات کے مطابق دادو میں سنار کی دکان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات لوٹنے کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے واردات میں دکاندار کے ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
پولیسنے بتایا کہ دکاندار نے نشہ آور رومال سونگھا کر زیورات لوٹنے کا ڈرامہ رچایا تھا، تاہم تحقیقات کے دوران خود ہی واردات میں ملوث نکلا۔ پولیس نے گرفتار دکاندار کے قبضے سے لوٹا گیا سونا بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس نے اپنے سالے کے ساتھ مل کر واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔
ملزم کا کہنا تھا کہ وہ کئی دنوں سے خود پر تشدد کرکے لوٹ مار کا ڈرامہ کرنے کا سوچ رہا تھا۔
ایس ایس پی دادو کے مطابق ملزم کے سالے کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار کی جانب سے سنار کی دکان میں ایک کروڑ روپے سے زائد کے زیورات لوٹے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم تحقیقات کے بعد واردات کی حقیقت سامنے آگئی۔


