کراچی: نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں خالو کو ڈکیتی بول کر 25 لاکھ کا چونا لگانے والا بے نقاب ہوگیا، ملزم نےاعتراف کیا کہ اس نے خالو کو رقم ادا نہ کرنے کیلئے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔
پولیس تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ڈکیتی کا مقدمہ درج کروانے والا مدعی خود ہی ملزم نکلا، جس نے اپنے خالو کو رقم کی واپسی سے بچنے کے لیے یہ جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ 10 مارچ 2026 کو سعد حسن نامی نوجوان نے پولیس کو اطلاع دی کہ ستارہ پارک کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان اس سے 25 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔
ایس ایس پی سینٹرل نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے دوران واقعے کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تو شکوک و شبہات پیدا ہوئے، سخت تفتیش پر مدعی سعد حسن نے اعتراف کر لیا کہ ڈکیتی کی واردات جھوٹی اور من گھڑت تھی۔
ملزم سعد نے انکشاف کیا کہ اس کا سیٹھ اس کا سگا خالو ہے، جس کے اسے 25 لاکھ روپے ادھار واپس کرنے تھے، واجب الادا رقم کی ادائیگی سے بچنے کے لیے اس نے ڈکیتی کا منصوبہ بنایا، ملزم نے واردات کو سچا دکھانے کے لیے اپنی موٹر سائیکل سڑک پر گرا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اسے زبردستی روکا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے محض 48 گھنٹے کے اندر کیس حل کرتے ہوئے ملزم کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے اور دھوکہ دہی پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


