جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اربوں روپے رشوت لینے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عثمان نے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، قیمتوں میں اضافے کیلئے وفاقی وزیراور ڈیپ سربراہ نے چھ ارب روپے رشوت لی، عہدوں سے مستعفی ہوں۔ سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ الزام بے بنیاد ہے۔

اس بات کا انکشاف ینگسٹ فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جنریک سالٹ کے طور پر قیمتوں میں اضافہ ڈرگ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ڈرگ ایکٹ کے مطابق ادویات کی رجسٹریشن جنریک ہونا لازمی ہے، ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اعلیٰ سطح پر رشوت کے عوض کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑاور ڈریپ کے سربراہ نے قیمتیں بڑھانے کیلئے چھ ارب روپے رشوت لی، محمد عثمان نے مطالبہ کیا کہ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور ڈریپ سربراہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے عوام کو دھوکے میں رکھا ہوا ہے، ڈریپ کے پاس 81ہزار ادویات کے برانڈز رجسٹرڈ ہیں، حکومت ڈرگ برانڈزختم کرکے جنرل ادویات کے طور پر رجسٹریشن کرے۔


مزید پڑھیں: ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ


فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے صدرنے کہا کہ برانڈز کے بجائے جنرک ناموں سے رجسٹریشن لیٹرز جاری کئے جائیں۔ جنرل ادویاتی نظام کے نفاذ سے قیمتوں میں10فیصد تک کمی ممکن ہوگی۔


ادویات کی قیمتوں پر نظر ثانی کی جائے، حامد رضا


انہوں نے مزید بتایا کہ بارکوڈنگ کا نظام متعارف کرواکر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے، بارکوڈنگ کیلئے سافٹ ویئر کی خریداری سائرہ افضل تارڑ نے کی ہے۔

رشوت لینے کا الزام بے بنیاد ہے، سائرہ افضل تارڑ

علاوہ ازیں وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے ادویات قیمتوں میں اضافہ کیلئے رشوت لینے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی کےتحت کیا گیا ہے۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن مذموم مقاصد کے تحت کام کررہی ہے، ملک دشمن عناصر کے دباؤ میں ہرگز نہیں آئیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو سستے داموں معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں