The news is by your side.

825 ریسرچ پیپر لکھنے والے جامعہ پروفیسر کو ڈاکٹر آف سائنس کی ڈگری تفویض

کراچی: کیمیائی علوم میں پروفیسر خالد ایم خان کو ڈی ایس سی (DSc) کی ڈگری تفویض کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کیمیائی علوم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، جامعہ کراچی نے پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان کو ڈاکٹر آف سائنس کی ڈگری تفویض کی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر خالد ایم خان 1992 سے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پروفیسر خالد ایم خان نے 825 ریسرچ پیپر لکھے، 2 کتب، 13 ابواب مختلف کتب میں، 18 نیشنل اور انٹرنیشنل پیٹنٹس ان کے کریڈٹ پر شامل ہیں، جب کہ وہ ملکی و غیر ملکی اعزازت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے سینئر سائنس دان کو اُن کی کامیابی پر مبارک باد دی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں